ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی ضمانت منظور، عدالت کا شاملِ تفتیش ہونے کا حکم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سوشل میڈیا پر جوا پر مبنی ایپلی کیشنز کی تشہیر اور فحش مواد کے الزامات کا سامنا کرنے والے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں لاہور کی مقامی عدالت نے 4 روز کی توسیع کر دی۔ دوسری جانب عدالت نے ان کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت بھی منظور کرلی ہے۔

ڈکی بھائی کو 17 اگست کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی جوا ایپس کو فروغ دے رہے تھے، جن کے باعث متعدد افراد مالی نقصان کا شکار ہوئے۔

latest urdu news

تفتیشی افسر شعیب ریاض نے عدالت سے ملزم کے 28 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، اور مؤقف اختیار کیا کہ ڈکی بھائی مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی جوا گروہ سے منسلک ہیں۔ افسر کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹس، ادائیگیوں کے اسکرین شاٹس اور دیگر شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔

عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کا جسمانی ریمانڈ 23 اگست تک بڑھا دیا اور ہدایت کی کہ مقررہ تاریخ پر دوبارہ پیش کیا جائے۔

دوسری طرف عدالت نے ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت 30 اگست تک منظور کرتے ہوئے انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے عروب جتوئی کو تفتیش میں شامل ہونے اور مکمل تعاون کی ہدایت کی، جب کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی گیمبلنگ ایپ کے کنٹری ہیڈ کے طور پر سامنے آ گئے، تفتیش میں حیران کن انکشافات

عروب جتوئی پر الزام ہے کہ وہ اپنے شوہر کی سوشل میڈیا سرگرمیوں میں معاونت کر رہی تھیں، خاص طور پر ان ویڈیوز میں جن میں جوا ایپس کی ترغیب دی گئی۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ڈکی بھائی نے بغیر کسی قانونی اجازت کے خود کو ایک جوا ایپ کے لیے "کنٹری مینیجر” ظاہر کیا تھا، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایف بی آر سے کوئی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا گیا تھا۔ ان کی سرگرمیوں سے صارفین کو غیر قانونی مالی لین دین اور آن لائن فراڈ کا سامنا کرنا پڑا۔

عدالت کی جانب سے ملزم اور ان کی اہلیہ کے خلاف تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور آئندہ سماعت میں مزید شواہد کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter