ہالی وڈ کی مشہور اور دلکش جوڑی ٹام کروز اور آنا دی آرمس کے درمیان قائم ہونے والی دوستی کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ دونوں نے ایک سال سے بھی کم عرصہ ایک دوسرے کی قربت میں گزارا، جس کے بعد انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق 62 سالہ ٹام کروز اور 36 سالہ آنا دی آرمس اب بھی ایک دوسرے کی شخصیت اور صحبت کو سراہتے ہیں، لیکن انہوں نے طے کیا ہے کہ وہ محبت کے بجائے دوستی کے رشتے کو ترجیح دیں گے اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔
ان دونوں کی مختصر مگر خوبصورت کہانی نے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔ مداحوں کو یہ جوڑی بہت پسند آئی، خاص طور پر جب ان کے بارے میں خلا میں شادی کرنے کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم اس حوالے سے کبھی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ ٹام کروز اس سے قبل میمی راجرز، نکول کڈمین اور کیٹی ہومز سے شادی کر چکے ہیں۔ دوسری جانب آنا دی آرمس کی ماضی میں ہسپانوی اداکار مارک کلوٹٹ سے شادی ہوئی تھی اور ان کا نام بین ایفلیک کے ساتھ بھی جوڑا جا چکا ہے۔
اب جبکہ دونوں نے راہیں جدا کر لی ہیں، تو ان کے مداح بھی اس فیصلے کو عزت اور سمجھداری سے کیا گیا قدم قرار دے رہے ہیں، کیونکہ دونوں اپنی اپنی فنی زندگی میں مصروف ہیں اور مستقبل کے بڑے پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔