اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغواء اور قتل کی دھمکیوں کے مقدمے میں نامزد ملزم حسن زاہد کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
ایڈیشنل سیشن جج عامر ضیاء نے ملزم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی۔ عدالت نے حسن زاہد کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔
درخواست گزار حسن زاہد نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اسے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے، اور یہ اقدام محض ہراسانی اور بلیک میلنگ کے لیے اٹھایا گیا۔
یاد رہے کہ سامعہ حجاب کی جانب سے اغواء اور قتل کی دھمکیوں کے الزامات پر تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزم حسن زاہد اس وقت ایک دوسرے مقدمے میں پانچ دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔
عدالت نے ملزم کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر مزید سماعت کے لیے 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے، جس روز وکلا کے دلائل سنے جائیں گے۔