اتوار, 15 جون , 2025

ڈراموں کے سیٹ پر سب سے زیادہ نمازیں ادا کی جاتی ہیں ، اداکارہ مریم نفیس

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ مریم نفیس نے ایک حالیہ انٹرویو میں شوبز انڈسٹری سے متعلق منفی تاثر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈراموں کے سیٹ پر سب سے زیادہ نمازیں ادا کی جاتی ہیں اور وہاں ہر فرد عزت و احترام کے دائرے میں کام کرتا ہے۔

نجی نیوز ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں بھی خواتین کے گھر سے باہر کام کرنے کو برا تصور کیا جاتا ہے، خاص طور پر جب وہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہوں۔ ان کے بقول، سماجی رویے ایسے ہیں کہ جیسے شوبز کی خواتین کسی کمتر حیثیت کی حامل ہوں، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

latest urdu news

مریم نفیس کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں ہر طبقے اور تعلیم یافتہ پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین موجود ہیں، جو نہ صرف پروفیشنل انداز میں کام کرتی ہیں بلکہ مذہبی، اخلاقی اور سماجی قدروں کا بھی بھرپور خیال رکھتی ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے کو شوبز خواتین سے متعلق روایتی سوچ بدلنی ہوگی، کیونکہ یہاں بھی دین داری، عزت اور وقار کے اصولوں کا پاس رکھا جاتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ تنقید سے پہلے حقیقت کو سمجھیں اور کسی کے پیشے یا کام کو حقیر نہ سمجھیں، خاص طور پر جب وہ پیشہ عزت کے دائرے میں ہو۔

یاد رہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں خواتین کو اکثر سماجی دباؤ، تنقید اور کردار کشی کا سامنا رہتا ہے، حالانکہ متعدد فنکارائیں اس شعبے میں مثبت خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور اپنے عمل، کردار اور سوچ سے منفی تصورات کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں،مریم نفیس کا یہ بیان انہی کوششوں کی ایک کڑی ہے جو انڈسٹری کے حقیقی اور باوقار چہرے کو نمایاں کرتا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter