مشہور ریپر طلحہ انجم کے خلاف نادیہ خان کے حالیہ انٹرویو کے بعد شوبز کی متعدد شخصیات نے ریپر کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ انٹرویو میں نادیہ خان نے طلحہ انجم سے سخت لہجے میں سوالات کیے، جسے کئی حلقوں نے جارحانہ قرار دیا۔
ابتداء میں طلحہ انجم نے سوشل میڈیا پر موقف اختیار کیا کہ وہ دوبارہ بھی ایسا کریں گے اور فن میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے یہ پوسٹ حذف کر دی اور ٹی وی پر نادیہ خان کے جارحانہ انداز میں معافی دینے پر مجبور ہوئے۔ انٹرویو کے دوران نادیہ خان نے بار بار طلحہ کی بات کاٹتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا۔
انسٹاگرام پر کئی شوبز شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ طلحہ انجم کو زیادہ احترام دیا جانا چاہیے کیونکہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والا ایک معزز فنکار ہے، جبکہ دیگر فنکار بلال علی اور سیف سمیجو نے کہا کہ فن کبھی سرحدوں میں محدود نہیں ہونا چاہیے۔
پاکستانی ریپر طلحہ انجم نے نیپال کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرا دیا
خاقان شہ نواز اور یاسر حسین نے نادیہ خان کا موازنہ بھارتی فائر برینڈ اینکر ارناب گوسوامی سے کیا اور تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کو سیاسی اور سرحدی کشمکش سے آزاد رہنے کا حق حاصل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے طلحہ انجم نے اپنے کندھوں پر بھارتی پرچم لپیٹ کر ایک کنسرٹ میں شرکت کی تھی، جس نے سوشل میڈیا پر شدید بحث کو جنم دیا۔
