سلطان راہی کا 87 واں یومِ پیدائش، فلمی دنیا کے بے تاج بادشاہ کو خراجِ عقیدت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

فلمی دنیا کے لیجنڈ سلطان راہی کا 87 واں یومِ پیدائش آج عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے۔ 703 پنجابی اور 100 اردو فلموں میں جاندار اداکاری کے ذریعے دلوں پر راج کرنے والے اس عظیم فنکار کو آج بھی شائقین بھرپور محبت سے یاد کرتے ہیں۔

لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ، لیجنڈ اداکار سلطان راہی کا آج 87 واں یومِ پیدائش نہایت عقیدت سے منایا جا رہا ہے۔ 24 جون 1938 کو پیدا ہونے والے سلطان راہی نے نہ صرف فلمی دنیا میں اپنی گونج دار آواز سے انقلاب برپا کیا بلکہ بے مثال ڈائیلاگ ڈیلیوری اور پراثر اداکاری سے فلمی شائقین کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑے۔

latest urdu news

فن کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد سلطان راہی نے ابتدا ایکسٹرا اداکار کے طور پر کی، تاہم ان کی اصل پہچان اُس وقت بنی جب فلم ساز حسن عسکری نے احمد ندیم قاسمی کے افسانے "گنڈاسہ” کو فلم "وحشی جٹ” کی صورت میں سکرین پر پیش کیا۔ اس فلم نے نہ صرف پنجابی سینما کو ایک نئی شناخت دی بلکہ سلطان راہی کو وہ شہرت عطا کی جو بہت کم فنکاروں کے نصیب میں آتی ہے۔

"وحشی جٹ” کے بعد فلم "مولا جٹ” سلطان راہی کے کیریئر کا سنگِ میل ثابت ہوئی۔ اس فلم میں ان کی اور مصطفی قریشی کی یادگار جوڑی نے فلم بینوں کو ایسا گرویدہ بنایا کہ ان کے کردار آج بھی زندہ جاوید ہیں۔ فلم کے مکالمے، کردار کی گہرائی اور راہی کی زوردار موجودگی نے "مولا جٹ” کو تاریخ کی کامیاب ترین پنجابی فلموں میں شامل کر دیا۔

سلطان راہی نے اپنے چالیس سالہ فلمی کیریئر میں تقریباً 703 پنجابی اور 100 اردو فلموں میں کام کیا۔ ان کی جوڑی اداکاراؤں آسیہ، نادرہ اور انجمن کے ساتھ بے حد مقبول رہی، جبکہ ان فلموں کے گیت بھی زبان زدِ عام ہوئے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 160 سے زائد فلمی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

9 جنوری 1996 کو گوجرانوالہ بائی پاس پر سلطان راہی کے بہیمانہ قتل کا سانحہ پیش آیا، جس نے نہ صرف فن کے سلطان کو ہم سے چھین لیا بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو بھی ایک ایسا زخم دیا جو آج تک پوری طرح بھر نہ سکا۔

یاد رہے کہ سلطان راہی کو دنیا بھر میں پاکستان کا "کلنٹ ایسٹ وڈ” کہا جاتا ہے۔ ان کی فلمیں، مکالمے اور کردار آج بھی زندہ ہیں، اور وہ ہر اس دل میں موجود ہیں جو پاکستانی سینما سے محبت کرتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter