طویل عرصے سے معدے کے کینسر میں مبتلا کورین اداکارہ کانگ سیوہا انتقال کر گئیں، آخری رسومات 16 جولائی کو ادا کی جائیں گی
سیئول، جنوبی کوریا کی ابھرتی ہوئی اور باصلاحیت اداکارہ کانگ سیوہا 31 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اداکارہ کی وفات کی تصدیق ان کے قریبی عزیز نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام کے ذریعے کی، جس میں انہوں نے اداکارہ کی زندگی کے آخری لمحات، بیماری سے جدوجہد اور قربانیوں کا ذکر کیا۔
رپورٹس کے مطابق، کانگ سیوہا طویل عرصے سے معدے کے سرطان میں مبتلا تھیں، جس نے بالآخر ان کی جان لے لی۔ ان کی آخری رسومات 16 جولائی 2025 کو ہامان، گیئونگنام صوبے میں ان کے خاندانی قبرستان میں ادا کی جائیں گی۔
کانگ سیوہا کے انتقال پر نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ کورین شوبز انڈسٹری نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ نے اپنے فنی سفر کا آغاز 2012 میں میوزک ویڈیو Getting Father Away سے کیا، جس کے بعد انہوں نے کئی معروف ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کے مقبول ڈراموں میں Heart، First Love Again اور دیگر شامل ہیں، جنہوں نے ناظرین میں انہیں بے حد مقبول بنایا۔ ان کی آخری فلم Mangnaein تھی، جو اداکارہ کی وفات سے قبل مکمل کی گئی۔ توقع ہے کہ ریلیز کے بعد مداح انہیں ایک آخری بار اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔
یاد رہے کہ کورین انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں حالیہ برسوں میں کئی نوجوان فنکار مختلف وجوہات کی بنا پر دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، اور کانگ سیوہا کا اچانک انتقال اس فہرست میں ایک اور دل دہلا دینے والا اضافہ ہے۔ ان کی فنی خدمات اور خوبصورت یادیں ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔