نوجوانوں میں مقبول اور منفرد آواز کے مالک گلوکار حسن رحیم باقاعدہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ ان کی شادی کی تقریب پیرل کانٹینینٹل بھوربن میں سادگی مگر خوبصورتی سے منعقد کی گئی، جس میں قریبی رشتہ داروں اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
تقریب میں حسن رحیم نے چترالی روایتی لباس زیب تن کیا، جبکہ ان کی دلہن نے نیلے رنگ کے دلکش لہنگے میں سب کی توجہ حاصل کی۔ دونوں ایک خوبصورت جوڑے کے طور پر تقریب کی زینت بنے، اور خوشی کے لمحات کو سوشل میڈیا پر مداحوں نے ہاتھوں ہاتھ لیا۔
ذرائع کے مطابق، حسن رحیم کی دلہن ان کی کزن ہیں۔ اس جوڑے کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، اور مداحوں کی جانب سے انہیں دعاؤں اور محبت بھرے پیغامات کا تانتا بندھ گیا ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل حسن رحیم نے ایک گانے کے پرومو میں شادی کے لباس میں تصویر شیئر کی تھی، جسے دیکھ کر مداحوں نے سمجھا کہ وہ شادی کر چکے ہیں۔ تاہم وہ تصویر صرف ایک ویڈیو کا حصہ نکلی۔ اب، جب یہ خبر حقیقت بنی، تو ان کے پرستاروں کی خوشی دیدنی ہے۔
حسن رحیم کا تعلق چترال سے ہے، اور وہ اپنی سادگی، پرامن مزاج اور منفرد گائیکی کے باعث لاکھوں دلوں پر راج کرتے ہیں۔ شادی کے بعد مداحوں کو اب ان کی زندگی کے نئے باب کے حوالے سے مزید جھلکیاں دیکھنے کا انتظار ہے۔