اسلام آباد، پاکستان سے محبت کا اظہار کرنے والے سکھ گلوکارہ کے گانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ زارا گل کا گانا "پاکستان کی محبت” میں کافی مقبول ہوا تھا۔ گانے کی ابتدا ’’اسیں مُردہ باد نئیں کہہ سکدے بُھل کے وی پاکستان نوں‘‘ کے الفاظ سے ہوتی ہے۔
اس گانے میں پاکستان سے محبت کو بابا گورو نانک کے ساتھ انتہائی خوبصورتی سے جوڑا گیا ہے، اور گانے میں بتایا گیا ہے کہ جہاں گورو نانک نے اپنی زندگی گزاری، وہاں اسے کیسے مردہ باد کہا جا سکتا ہے۔
پاکستان سے محبت کے اظہار پر مبنی اس گانے پر بھارتی حکومت نے مشرقی پنجاب میں پابندی لگا دی ہے، تاہم اس کے باوجود گانا یوٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز پر بہت مقبول ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پہلگام واقعے کے بعد بھارت ایک بار پھر جنگی جنون میں مبتلا ہو چکا ہے اور مودی حکومت نے اپنی روایتی انتہا پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرحدی علاقوں سے آبادی کو منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے پہلگام سانحے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بلا جواز الزام تراشی کے لیے میڈیا پر منفی مہم چلائی، جس کے بعد اب سرحدی دیہات کو خالی کرایا جا رہا ہے۔