فلم و ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ شیفالی جری والا کا اچانک انتقال انڈسٹری کے لیے صدمے کا باعث بنا ہے۔ وہ 2002 کے مشہور میوزک ویڈیو "کانٹا لگا” کی وجہ سے خاصی مقبول تھیں۔ شیفالی کی عمر موت کے وقت صرف 42 سال تھی۔
اگرچہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ان کا انتقال دل کے دورے کی وجہ سے ہوا، مگر پولیس حکام نے موت کی حتمی وجہ تاحال واضح نہیں کی۔ ممبئی پولیس نے بتایا کہ رات 1 بجے انہیں اطلاع موصول ہوئی اور شیفالی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے کوپر اسپتال بھیج دی گئی ہے۔
شیفالی کی آخری ایکس پوسٹ نے خاصی توجہ حاصل کی ہے، جو 2 ستمبر 2024 کو کی گئی تھی۔ یہ پوسٹ اداکارہ کے دیرینہ دوست سدھارتھ شکلا کی تیسری برسی کے موقع پر تھی۔ سدھارتھ 40 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر چکے تھے۔
اس پوسٹ میں شیفالی اور سدھارتھ کی ‘بگ باس 13’ کے ہاؤس کی ایک گرمجوش تصویر شامل تھی، جس میں وہ گلے ملے ہوئے ہیں۔ کیپشن میں لکھا تھا:
"آج تمہیں یاد کر رہی ہوں، میرے دوست سدھارتھ شکلا۔”
سدھارتھ نے اس سیزن کی ٹرافی جیتی تھی، جبکہ شیفالی نے وائلڈ کارڈ مدِمقابل کے طور پر اپنی پہچان بنائی تھی۔