شاہ رخ خان کا پاکستان سے جذباتی تعلق، بچوں کو پشاور دکھانے کی خواہش کا اظہار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان کی پاکستان آنے کی خواہش سے متعلق ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ نہ صرف پاکستان سے اپنے گہرے تعلق کا ذکر کرتے نظر آتے ہیں بلکہ اپنے بچوں کے ساتھ پشاور آنے کی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہیں۔

latest urdu news

یہ ویڈیو پاکستان کی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی جانب سے شیئر کی گئی ایک تقریب کی ہے، جہاں انہوں نے شاہ رخ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں جتنے بھارت میں۔ اس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ ان کے خاندان کی جڑیں پشاور سے جڑی ہوئی ہیں اور ان کے آباؤ اجداد قصہ خوانی بازار کے علاقے میں مقیم رہے ہیں۔

حنا ربانی کھر نے اس موقع پر شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پشاور تو آپ کے لیے ایک قدرتی اور مضبوط جواز رکھتا ہے۔ اس پر اداکار نے کہا کہ ان شاء اللہ وہ ضرور پاکستان آئیں گے اور اپنی اولاد کو بھی ساتھ لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی خاندانی تاریخ اور آبائی علاقے کو قریب سے دیکھ سکیں۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ وہ ماضی میں پاکستان آ چکے ہیں اور انہیں اپنے والد کے ساتھ گزارا گیا وقت آج بھی یاد ہے۔ ان کے مطابق ان کے والد انہیں پندرہ برس کی عمر میں پشاور لے کر گئے تھے اور اگلے سال بھی وہ وہاں گئے، مگر اس کے بعد والد کا انتقال ہو گیا۔

اداکار نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کی زندگی کے خوبصورت لمحات پشاور اور سوات میں گزرے، جبکہ انہوں نے لاہور اور کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں کا بھی دورہ کیا تھا۔ شاہ رخ خان کے اس بیان کو دونوں ممالک کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter