کراچی، (شوبز ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے ممکنہ شریکِ حیات سے متعلق دلچسپ خیالات کا اظہار کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ وہ اپنے ہونے والے شوہر میں کون سی چار خوبیاں دیکھنا چاہتی ہیں۔ جواب میں سحر ہاشمی نے ہنستے ہوئے کہا، "مجھے ایسا شوہر چاہیے جو میرے پاؤں دبائے اور اپنے ہاتھوں سے مجھے کھانا کھلائے۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کا ممکنہ شوہر چائے بنانے میں ماہر ہونا چاہیے، کیونکہ انہیں چائے بہت پسند ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا، "میں ایک جذباتی لڑکی ہوں، اس لیے مجھے ایک ایسا شوہر چاہیے جو پرسکون طبیعت کا مالک ہو تاکہ توازن قائم رہے۔”
شادی سے متعلق سوال پر سحر ہاشمی کا کہنا تھا، "ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے۔ جب کوئی اچھا اور سمجھدار انسان زندگی میں آئے گا تو شادی کر لوں گی۔”
سحر ہاشمی کی یہ گفتگو نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی خوب موضوعِ بحث بن گئی ہے۔