اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون جولیٹا لورینا مارٹینز نے مشہور ترک تاریخی سیریز ’کورولوش عثمان‘ سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا۔
ترک پروڈکشن کمپنی کے مطابق جولیٹا نے سیریز دیکھنے کے بعد ترک ثقافت اور اسلامی تعلیمات میں گہری دلچسپی لینا شروع کی، جس کے نتیجے میں انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔
ترک میڈیا سے بات کرتے ہوئے جولیٹا نے بتایا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے ترک ڈرامے دیکھنا شروع کیے۔ خاص طور پر ’ارطغرل غازی‘ اور اس کے سیکوئل ’کورولوش عثمان‘ نے ان پر گہرا اثر ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ڈراموں کی بدولت ان میں اسلام کے بارے میں جاننے کا شوق پیدا ہوا، جس نے انہیں قرآن پڑھنے اور اسلامی تعلیمات سمجھنے پر آمادہ کیا۔
دو سال کی تحقیق اور مطالعے کے بعد جولیٹا نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترک سیریز نے نہ صرف ان کی دلچسپی کو مہمیز دی بلکہ انہیں روحانی طور پر بھی ایک نئی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ اور ’کورولوش عثمان‘ سلطنت عثمانیہ کی بنیاد اور اس کے قیام پر مبنی کہانیاں بیان کرتی ہیں، جنہوں نے دنیا بھر میں کروڑوں ناظرین کو متاثر کیا ہے۔ ان سیریز کی بدولت کئی افراد نے ترک ثقافت، تاریخ اور اسلام میں دلچسپی لینا شروع کی ہے۔