اسلام آباد پولیس سے مدد کی اپیل کرنے والی معروف سوشل میڈیا پرسنالٹی سامعہ حجاب کے ہراسگی کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں اب سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک اور ویڈیو میں کہانی کا دوسرا پہلو سامنے آیا ہے۔
چند روز قبل سامعہ حجاب نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ لاہور کے رہائشی حسن زاہد نے انہیں شادی سے انکار پر ہراساں کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ان کے اس بیان کے بعد اسلام آباد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے حسن زاہد کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کیا۔
تاہم اب سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں مختلف مختصر کلپس کو یکجا کیا گیا ہے۔ ان ویڈیوز میں سامعہ اور حسن زاہد کے درمیان دوستانہ تعلقات دکھائے گئے ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دونوں ایک دوسرے کے قریب رہے ہیں۔ ایک کلپ میں سامعہ حجاب کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے:
"میرا موڈ آف تھا اور میرے اچھے دوست نے مجھے گلاب کے پھول بھیجے — صرف ایک دو نہیں، پورا باغیچہ۔”
اسی ویڈیو میں حسن زاہد کو ویڈیو کال پر بھی دیکھا جا سکتا ہے جبکہ کیپشن میں اسے "شکریہ” کہا گیا ہے اور اس کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی ٹیگ کیا گیا ہے۔ ایک اور منظر میں دونوں کو ایک ساتھ سگریٹ نوشی کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، جو ان کے قریبی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔
Influencer #SamiyaHijab, who accused Lahore resident #HassanZahid of stalking and abduction, is now facing controversy after he has released videos of them together. pic.twitter.com/snXx1cskXC
— Showbiz & News (@ShowbizAndNewz) September 2, 2025
پولیس ترجمان کے مطابق سامعہ حجاب کی شکایت موصول ہونے کے فوراً بعد مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ تھانہ شالیمار میں درج کیے گئے مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں جن میں خواتین کو ہراساں کرنے، اغوا، زبردستی، ہتک عزت اور ناکام مجرمانہ کوشش جیسے الزامات شامل ہیں۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ تفتیش ابھی جاری ہے اور ملزم کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ کیس کی مکمل تصویر واضح ہو سکے۔ تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نئی ویڈیوز نے عوامی رائے کو تقسیم کر دیا ہے، اور بہت سے صارفین اس کیس کے حوالے سے مزید شفافیت اور غیر جانبداری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔