لاہور, معروف سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے خواتین کی محنت اور کمائی سے متعلق معاشرتی تصورات کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کی کمائی کو بے برکت کہنا سراسر بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برکت کا تعلق کسی صنف سے نہیں بلکہ نیت، خلوص، اور محنت سے ہوتا ہے۔
یہ گفتگو ایک نجی یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں سامنے آئی، جس کے مختصر کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں بعض اداکاراؤں کے بیانات—جیسا کہ صائمہ قریشی کا یہ کہنا کہ "عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی”—عوامی سطح پر وسیع بحث کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ اگر ان کی کمائی میں برکت نہ ہوتی، تو وہ اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم نہ دلا پاتیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عزت، شفقت اور برکت کا تعلق کردار سے ہے، جنس سے نہیں۔
اداکارہ نے اپنی ازدواجی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اور ان کے شوہر عثمان پیرزادہ نے زندگی بھر تمام ذمہ داریاں بانٹیں۔ "میں نے بیٹیوں کو تعلیم دی، عثمان نے گھر بنایا۔ ہم نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا، خاندانوں کا خیال رکھا۔ شادی صرف محبت نہیں، بلکہ ایک ذمہ داری ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے شوہر اپنے خاندان کی مدد کرنا چاہتے تھے تو انہوں نے کبھی اعتراض نہیں کیا، اور اسی طرح عثمان پیرزادہ بھی ان کی والدہ سے بے حد محبت کرتے تھے اور ان کی دیکھ بھال میں ہمیشہ شریک رہتے تھے۔
ثمینہ پیرزادہ کے مطابق، اگر کوئی مرد کسی خاتون کے لیے دروازہ کھولتا ہے تو یہ اس کی اچھی تربیت کی علامت ہے، نہ کہ کسی عورت کی کمزوری یا انحصار کی نشانی۔
ان کے یہ خیالات سوشل میڈیا پر پذیرائی حاصل کر رہے ہیں اور خواتین کے مالی کردار پر جاری بحث کو ایک نیا زاویہ دے رہے ہیں۔