ممبئی: عالمی شہرت یافتہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ تین سنگین اور مہلک بیماریوں میں مبتلا ہیں، جن کی وجہ سے ان کے مداحوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ انکشاف 21 جون کو نیٹ فلکس کے مشہور پروگرام ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے تیسرے سیزن کی پہلی قسط میں کیا گیا، جہاں سلمان خان بطور مہمان شریک ہوئے۔
59 سالہ اداکار نے شو کے دوران بتایا کہ وہ ٹریجیمینل نیورالجیا (Trigeminal Neuralgia)، برین اینیورزم (Brain Aneurysm) اور آرٹیریو وینس میلفارمیشن (AVM) جیسی خطرناک طبی حالتوں سے لڑ رہے ہیں۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ ہم ہر روز ہڈیاں توڑ رہے ہیں، پسلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، ہم ٹریجیمینل نیورالجیا کے ساتھ کام کر رہے ہیں، دماغ میں اینیورزم ہے، AV میلفارمیشن بھی ہے، لیکن پھر بھی ہم چل رہے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔
ان کے اس غیر متوقع اعتراف پر شو کے میزبان کپل شرما سمیت پروگرام میں موجود مداح بھی حیرت زدہ رہ گئے۔
یہ بیماریاں کیا ہیں؟
ٹریجیمینل نیورالجیا: ایک شدید دردناک بیماری ہے جس میں چہرے کی اعصابی نسوں میں بجلی کے جھٹکوں جیسا درد ہوتا ہے، جو روزمرہ کی زندگی کو سخت متاثر کرتا ہے۔
برین اینیورزم: دماغ کی کسی رگ میں کمزور مقام ہوتا ہے جو پھول جاتا ہے۔ اگر یہ پھٹ جائے تو فالج یا موت کا سبب بن سکتا ہے۔
AV میلفارمیشن (Arteriovenous Malformation): یہ دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں خون کی شریانوں کا غیر معمولی جڑاؤ ہوتا ہے، جو اکثر بغیر علامات کے بڑھتا ہے اور اچانک خون بہنے یا دوروں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان نہ صرف ایک کامیاب اداکار ہیں بلکہ اپنی فٹنس، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ ان کی صحت سے متعلق اس خبر نے ان کے چاہنے والوں کو افسردہ کر دیا ہے، تاہم ان کے عزم اور حوصلے نے سب کو متاثر بھی کیا ہے۔ مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں شروع کر دی ہیں۔