اداکار و میزبان ساحر لودھی نے کہا کہ عامر لیاقت سے آخری ملاقات میں وہ ڈپریشن میں تھے، عمر شریف اور معین اختر میرے روحانی استاد ہیں، ہر جمعرات ان کی قبروں پر جاتا ہوں۔
لاہور، معروف میزبان اور اداکار ساحر لودھی نے انکشاف کیا ہے کہ عامر لیاقت سے ان کی آخری ملاقات تکلیف دہ تھی اور اس وقت وہ شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔
نجی ٹی وی کے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ساحر لودھی نے بتایا کہ وہ عمر شریف اور ڈاکٹر عامر لیاقت کی قبروں پر ہر جمعرات حاضری دیتے ہیں۔ "عامر لیاقت میرے دوست اور بھائی تھے، ان پر سب نے تنقید کی، ہم بہت جلد دوسروں پر رائے قائم کر لیتے ہیں، فیصلہ اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا کہ عامر لیاقت نے فضائی سفر چھوڑ دیا تھا اور گاڑی کے ذریعے اسلام آباد جایا کرتے تھے۔
ساحر لودھی نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف اور معین اختر ان کے روحانی استاد تھے۔ "عمر شریف کے گھر گیا تو وہ بار بار کھانے کا پوچھتے رہے، معین اختر سے ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ بیمار تھے، ان کے لیے دوا بھیجی مگر کوئی فائدہ نہ ہوا۔”
انہوں نے بتایا کہ معین اختر پھٹی جینز پہننے پر انہیں ڈانٹتے تھے اور ہمیشہ سوٹ اور ٹائی پہننے کا مشورہ دیتے تھے۔ عمر شریف سے جڑی ایک یادگار ملاقات بیان کرتے ہوئے ساحر لودھی آبدیدہ ہو گئے۔ "ایک شادی میں لیٹ پہنچا تو عمر شریف اندر آ رہے تھے، میرا ہاتھ پکڑ کر کہا کہ رک جاؤ، تم ہوتے ہو تو میرا دل لگ جاتا ہے، میرے ساتھ چلو، اور پھر لطیفے سناتے سناتے صبح کے چار بج گئے۔”