پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ ذہنی صحت کے بارے میں بات کرنا کمزوری نہیں بلکہ انسانی مضبوطی کی علامت ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ذہنی صحت اتنی ہی ضروری ہے جتنی جسمانی صحت، مگر بدقسمتی سے ہم اس پر بات کرنے سے جھجک محسوس کرتے ہیں۔
صبا قمر نے کہا کہ اکتوبر عالمی ذہنی صحت کا مہینہ ہے، یہ وہ وقت ہے جب ہمیں اپنے پیاروں سے بات کرنی چاہیے، ان کی سننی چاہیے اور ان کا ساتھ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ذہنی دباؤ اور تناؤ سے گزری ہوں، کئی بار ایسا وقت آیا جب سمجھ نہیں آتا تھا کہ کس سے بات کی جائے، مگر وقت کے ساتھ کچھ چیزیں سیکھیں جنہوں نے میری مدد کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میری سب سے بڑی سیکھ یہ ہے کہ جب ضرورت محسوس ہو تو مدد مانگنے میں کوئی برائی نہیں، دوسرا یہ کہ اپنے اردگرد ایسے لوگوں کو پہچانیں جو آپ کا سہارا بن سکتے ہیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ تیسری بات یہ ہے کہ اپنی زندگی میں معمول بنائیں، چھوٹی چھوٹی چیزوں کو روزمرہ کا حصہ بنائیں، اور چوتھی یہ کہ اپنے لیے وقت نکالیں، کیونکہ آپ کی ذہنی صحت کی ذمہ داری آپ پر ہے۔
صبا قمر نے اپنے پیغام کے اختتام پر تمام والدین، اساتذہ اور مینٹورز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نوجوانوں اور بچوں کو ذہنی دباؤ سے نکالنے میں مدد دی اور انہیں سنے بغیر فیصلہ نہیں کیا۔
