سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا علیزے شاہ پر تنقیدی تبصرہ سوشل میڈیا پر وائرل، مداحوں نے ردِعمل میں روبینہ پر ذاتی بغض کا الزام لگا دیا۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری ایک نئے تنازعے کی زد میں ہے، جہاں سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا علیزے شاہ سے متعلق ایک پرانا تبصرہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
ویڈیو کلپ میں روبینہ اشرف کو علیزے شاہ کی اداکاری کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس میں وہ کہتی ہیں: "علیزے شاہ میرے لیے ہر ڈرامے میں صفر ہیں، نہ وہ میک اپ سے نکلتی ہیں، نہ لپ اسٹک سے، نہ ہی کردار میں ڈھلتی ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ علیزے کو جو بھی سراہا جاتا ہے، وہ دراصل مصنف اور ہدایتکار کی محنت کا نتیجہ ہوتا ہے، نہ کہ ان کی اپنی اداکاری کا۔
یہ کلپ ایسے وقت میں وائرل ہوا ہے جب علیزے شاہ انڈسٹری میں اپنے خلاف ہونے والی بدسلوکی اور سازشوں پر کھل کر بول رہی ہیں۔ ان کی جانب سے گزشتہ دنوں انکشاف کیا گیا تھا کہ انہیں انڈسٹری میں دانستہ طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے اور کئی بار انہیں ذہنی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
روبینہ اشرف کے اس بیان پر علیزے شاہ کے مداحوں نے شدید ردِعمل دیا ہے۔ کئی صارفین نے سوشل میڈیا پر روبینہ اشرف پر ذاتی بغض رکھنے اور نوجوان فنکاروں کی حوصلہ شکنی کا الزام لگایا۔ بعض نے یہاں تک کہا کہ ایسے تبصروں سے نہ صرف ایک فنکار کی خوداعتمادی متاثر ہوتی ہے بلکہ اس کے کیریئر پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔
View this post on Instagram
دوسری جانب، کئی صارفین نے علیزے شاہ کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر فنکاروں کو نئی نسل کے ساتھ شفقت کا برتاؤ کرنا چاہیے اور ذاتی تبصرے کرنے سے گریز کرنا چاہیے، خاص طور پر جب ایک فنکار پہلے ہی ذہنی دباؤ میں ہو۔
یاد رہے کہ علیزے شاہ نے حالیہ دنوں میں کئی انٹرویوز اور سوشل میڈیا پوسٹس میں انڈسٹری کے ماحول اور سازشوں پر کھل کر بات کی ہے، جس کے بعد وہ مختلف حلقوں میں بحث کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔