لاہور میں سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف مہم، ٹک ٹاکر رجب بٹ کی گاڑی پر بھی کارروائی، ٹھوکر نیاز بیگ پر کریک ڈاؤن
لاہور میں سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس اور ڈولفن فورس کی مشترکہ کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں، جس کے تحت معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ کی گاڑی سے بھی سیاہ پیپرز اتار دیے گئے۔ ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق یہ کارروائی لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر ڈی ایس پی مبشر اعوان کی سربراہی میں کی گئی، جہاں سیاہ شیشوں والی متعدد گاڑیوں کو روکا گیا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
رجب بٹ کی گاڑی بھی اسی دوران ناکے پر پہنچی، جسے چیک کرنے پر پتا چلا کہ گاڑی کے شیشوں پر سیاہ پیپرز لگے ہوئے تھے۔ قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سیاہ پیپرز کو موقع پر ہی اتار دیا گیا۔
ڈولفن فورس کے ایس پی ارسلان زاہد نے اس حوالے سے بتایا کہ لاہور میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والی ہزاروں گاڑیوں کے خلاف پہلے ہی کارروائیاں کی جا چکی ہیں اور یہ عمل مستقبل میں بھی تسلسل سے جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کریں اور گاڑیوں پر سیاہ شیشے یا غیر قانونی ترمیمات سے گریز کریں۔
یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر فائرنگ، مقدمہ درج ،حملہ آور فرار
ایس پی ارسلان زاہد نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے قانون کی یکساں عمل داری یقینی بنائی جا رہی ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کسی سے بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
یاد رہے کہ لاہور میں جرائم کی روک تھام اور شفاف نگرانی کے لیے سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے، جس کے دوران کئی اہم شخصیات کی گاڑیوں پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔