معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشل میڈیا اسٹار رجب بٹ کو درپیش حالیہ مسائل کے پیچھے ایک مشہور شخصیت کا ہاتھ ہے، جو حسد کی بنا پر انہیں نشانہ بنا رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کاشف ضمیر نے کہا کہ رجب بٹ اب ایک نمایاں اور مقبول نام بن چکے ہیں، لیکن کچھ افراد ان کی بڑھتی ہوئی شہرت سے ناخوش ہیں۔ ان کے مطابق، رجب بٹ کی پرانی ویڈیوز کو سیاق و سباق سے ہٹا کر وائرل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے خلاف ماحول بنایا جا سکے۔
کاشف ضمیر کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کو چاہیے کہ وہ اپنی گفتگو اور ویڈیوز میں احتیاط برتیں، کیونکہ ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہ قانونی اور سماجی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔
گفتگو کے دوران کاشف ضمیر نے ایک بڑا انکشاف بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص، جو معروف اداکار فہد مصطفیٰ سے قریبی تعلق رکھتا ہے، نے انہیں بتایا کہ رجب بٹ کے خلاف جاری قانونی کارروائیوں کے پیچھے فہد مصطفیٰ کا اثر و رسوخ کارفرما ہے۔ کاشف ضمیر کے بقول، انہیں اس حوالے سے بعض شواہد بھی دکھائے گئے، تاہم انہوں نے پروگرام کے دوران ان شواہد کو ظاہر کرنے سے گریز کیا۔
کاشف ضمیر کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ صارفین جہاں حیرت کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں ان دعوؤں کے ثبوت سامنے لانے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ فہد مصطفیٰ یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال اس الزام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ رجب بٹ حالیہ دنوں میں مختلف متنازع بیانات اور ویڈیوز کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں، اور ان پر مختلف مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔