کینیڈا میں سرگرم بھارتی نژاد مجرمانہ گروہ روہت گودارا گینگ نے معروف پنجابی گلوکار تیجی کاہلوں کو قتل کر دیا، اور اس واردات کی ذمہ داری بھی کھلم کھلا قبول کرلی ہے۔ گینگ کے ارکان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں اعتراف جرم کرتے ہوئے تیجی کاہلوں کے قتل کی تصدیق کی، ساتھ ہی مزید افراد کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دے ڈالیں۔
ویڈیو پیغام میں گینگ ممبران وکی پہلوان، مہندر سرن اور راہول رِناؤ نے واضح کیا کہ یہ کارروائی سوچ سمجھ کر کی گئی، اور اگر مطلوبہ پیغام نہ سمجھا گیا تو اگلی بار "اسے بھی ختم کر دیں گے” جیسے الفاظ استعمال کیے، جو مزید حملوں کی پیشگی وارننگ کے مترادف ہیں۔ ان کے بیانات سے واضح ہے کہ مخالف گروہوں سے منسلک دیگر افراد بھی ان کے نشانے پر ہیں۔
گینگ نے نہ صرف مخالف گینگسٹرز کو، بلکہ ان کی مبینہ حمایت کرنے والے تاجروں، بلڈرز، اور دیگر شہریوں کو بھی کھلے عام چیلنج کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جو بھی مخالفین کی مدد کرے گا، اس کے خاندان کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قتل کی وجہ تیجی کاہلوں پر لگایا جانے والا الزام ہے کہ وہ گودارا گینگ کے حریفوں کو نہ صرف مالی امداد فراہم کر رہا تھا بلکہ حساس معلومات اور اسلحہ بھی ان تک پہنچا رہا تھا۔ اس واقعے نے نہ صرف پنجابی میوزک انڈسٹری بلکہ کینیڈا میں موجود جنوبی ایشیائی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے اثر و رسوخ اور ان کے باہمی تعلقات پر بھی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
یہ واقعہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ بیرونِ ملک مقیم بھارتی نژاد گینگ، ثقافتی شخصیات کو اپنے مفادات کے لیے نہ صرف استعمال کر رہے ہیں بلکہ خطرناک حد تک ان کی جان بھی لے رہے ہیں۔