دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ اور امریکی ریپر فرنچ مونٹانا کی پیرس میں ملاقات اور انسٹاگرام پر رومانوی اشاروں نے دونوں کے قریبی تعلقات کی قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا۔
دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ اور معروف امریکی ریپر فرنچ مونٹانا کے درمیان ممکنہ رومانوی تعلقات کی خبریں عالمی میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگی ہیں۔ دونوں شخصیات حال ہی میں پیرس فیشن ویک کے موقع پر متعدد نجی تقریبات اور فیشن شوز میں ایک ساتھ دیکھی گئیں۔
اس بحث کو مزید تقویت اس وقت ملی جب شیخہ مہرہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایفل ٹاور کے سامنے ایک "لو لاک” (Love Lock) تھامے ہوئے تصویر شیئر کی۔ یاد رہے کہ پیرس کے مشہور پلوں پر "لو لاک” لگانے کی روایت محبت کی علامت کے طور پر جانی جاتی ہے، اور یہ اقدام اکثر رومانوی پیغام رسانی سمجھا جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے حکمران محمد بن راشد المکتوم کی بیٹی شیخہ مہرہ نہ صرف شاہی پس منظر رکھتی ہیں بلکہ کاروباری میدان میں بھی اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ’مہرا M1‘ کے نام سے پرفیوم کی بزنس چین متعارف کروائی، جس کا پہلا خوشبو "ڈائیورس” مئی 2024 میں لانچ کیا گیا۔ یہ پرفیوم اس وقت منظرِ عام پر آیا جب وہ اپنے شوہر شیخ مانا بن محمد المکتوم سے طلاق کے مرحلے سے گزر رہی تھیں۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جو رواں برس پیدا ہوئی۔
دوسری جانب، فرنچ مونٹانا، جن کا اصل نام کریم خربوش ہے، نہ صرف ہپ ہاپ کی دنیا کا بڑا نام ہیں بلکہ افریقی اور مشرقِ وسطیٰ کے علاقوں میں اپنی فلاحی سرگرمیوں کے باعث بھی شہرت رکھتے ہیں۔ ماضی میں ان کے تعلقات ہالی ووڈ اداکاراؤں کے ساتھ بھی خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔
یاد رہے کہ شیخہ مہرہ اور فرنچ مونٹانا کی قریبی تصاویر اور سرگرمیاں فی الحال محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، اور دونوں شخصیات کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کا باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ تاہم سوشل میڈیا پر ان کے تعلق کی چہ مگوئیاں زور پکڑ رہی ہیں، جو ممکنہ طور پر دونوں کے مستقبل کے حوالے سے خبروں کا نیا باب کھول سکتی ہیں۔