لاہور کے تھیٹرز میں فحش رقص اور غیر اخلاقی حرکات پر پنجاب آرٹس کونسل کا سخت ایکشن، مشہور اداکاراؤں کو وارننگ نوٹس اور تھیٹرز کو ضابطۂ اخلاق کی پابندی کی ہدایت۔
لاہور، پنجاب آرٹس کونسل نے لاہور کے مختلف تھیٹرز میں پیش کیے جانے والے ڈراموں میں فحش رقص اور اخلاقی حدود کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی ہے۔
مانیٹرنگ ٹیم کی حالیہ رپورٹ کے مطابق متعدد تھیٹرز میں رقاصاؤں کی اسٹیج پرفارمنس میں بے ہودہ حرکات اور غیر اخلاقی ڈانسز پیش کیے گئے، جو ضابطۂ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
اس سلسلے میں مشہور اسٹیج اداکاراؤں انزاء خان، مدیحہ بٹ اور شازیہ بلوچ کو باضابطہ وارننگ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر آئندہ ایسی حرکتیں دہرائی گئیں تو نہ صرف ان فنکاراؤں پر پابندی عائد کی جائے گی بلکہ متعلقہ تھیٹر کا لائسنس بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
اسی دوران ستارہ تھیٹر کے لائسنس ہولڈر کو بھی نوٹس جاری ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈراموں میں ڈانس اور مکالمات ضابطۂ اخلاق کے مطابق ہوں، ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مانیٹرنگ ٹیم آئندہ بھی ڈراموں کی براہ راست نگرانی کرے گی اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری پابندی لگائی جائے گی۔
پنجاب آرٹس کونسل کا مؤقف ہے کہ تھیٹر ایک ایسا فن ہے جو معاشرتی اقدار، ثقافتی روایات اور مثبت پیغام رسانی کا ذریعہ ہونا چاہیے۔ مگر حالیہ برسوں میں کچھ پروڈیوسرز اور فنکاروں نے زیادہ کمائی اور سستی شہرت کے لیے غیر اخلاقی رقص اور بیہودہ جملوں کا سہارا لیا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔
حکومتی اقدام کا مقصد تھیٹر کو اس کے اصل اور معیاری فنکارانہ مقصد کی طرف واپس لانا ہے، تاکہ یہ پلیٹ فارم مثبت اور تعمیری تفریح کا ذریعہ بن سکے۔