پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر کے خلاف مبینہ طور پر بدنام کن اور ہتک آمیز الزامات لگانے پر صحافی نعیم حنیف نے عوامی طور پر معافی مانگ لی ہے۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب صبا قمر کی جانب سے صحافی کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا گیا، جس میں ان کے خلاف توہین آمیز بیانات اور کردار کشی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق یہ معافی منگل کے روز بشرٰی خان کی میزبانی میں نشر ہونے والے ایک پوڈکاسٹ کے دوران سامنے آئی، جو بعد ازاں یوٹیوب پر شائع کیا گیا۔ پوڈکاسٹ میں نعیم حنیف کو صبا قمر سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت پیش کرنے اور مؤقف دینے کا موقع دیا گیا۔
صحافی نعیم حنیف نے اعتراف کیا کہ 3 نومبر کو ان کے یوٹیوب چینل پر صبا قمر سے متعلق ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ لاہور میں کسی کے ساتھ لیو اِن ریلیشن شپ میں رہ رہی ہیں۔ بعد میں خبر کی تصدیق پر انہیں معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ بے بنیاد، غلط اور حقائق کے منافی تھا۔
نعیم حنیف نے تسلیم کیا کہ ان کے بیان سے صبا قمر کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں اور آئندہ ایسی غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں گے۔
اداکارہ صبا قمر کا صحافی نعیم حنیف کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس
اس معاملے پر صبا قمر نے صحافی کو قانونی نوٹس بھجوایا تھا، جس کے اسکرین شاٹس انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر بھی شیئر کیے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے صحافی کے خلاف قانونی راستہ اختیار کیا ہے جس نے محض شہرت اور توجہ حاصل کرنے کے لیے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے۔
صبا قمر نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں سے اپیل کی کہ بدنامی، کردار کشی اور بے ادبی کے خلاف آواز بلند کی جائے اور ایسے افراد کو جواب دہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ خواتین کی محنت اور کامیابی کو ذاتی تعلقات سے جوڑ کر ان کی تذلیل کرے۔
قانونی نوٹس میں واضح کیا گیا کہ صحافی کے بیانات نہ صرف صحافتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ صنفی تعصب اور رجعت پسند سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں، جہاں خواتین کی کامیابی کو ان کی محنت کے بجائے ذاتی زندگی سے جوڑا جاتا ہے۔
