پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے روحانی تعلق کو اپنی زندگی کا سب سے قیمتی حصہ قرار دے دیا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں مہوش حیات نے اپنی فنی زندگی، ڈرامہ ’’ڈایان‘‘ میں واپسی اور روحانی سفر کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بہت کم عمری میں ہی انہوں نے اللہ تعالیٰ سے ایک گہرا اور مضبوط رشتہ قائم کر لیا تھا، جو آج بھی ان کے لیے حوصلہ، سکون اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
مہوش نے کہا کہ وہ خاموشی کے لمحات میں، شکرگزاری کے وقت یا کسی بھی مشکل گھڑی میں براہِ راست اللہ سے دل کی بات کرتی ہیں۔ ان کے مطابق اللہ ہی وہ واحد ذات ہے جو انسان کو مکمل طور پر جانتی ہے، اور یہ احساس ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی انہیں قدر ہے۔
اداکارہ نے شوبز میں اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا ہے اور کافی عرصے کے بعد ’’ڈایان‘‘ کے ذریعے ڈرامہ انڈسٹری میں دوبارہ واپسی کی ہے، جو شائقین میں بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
مہوش حیات کا روحانی سفر اور فنی کیریئر، دونوں ان کے لیے زندگی کی خوبصورت اور مثبت کہانیاں ہیں۔