کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے آج بھی سابق شوہر علی عسکری اور ان کی اہلیہ زارا کے ساتھ قریبی اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ اداکارہ نے اپنی دوسری شادی کو اپنے بیٹے اذلان کے مشورے سے ایک بالغ نظر فیصلہ قرار دیا۔
حال ہی میں احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے اپنی ذاتی زندگی کے کچھ اہم پہلوؤں سے پردہ اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ علی عسکری اور ان کی موجودہ اہلیہ زارا کے ساتھ ان کے تعلقات باہمی احترام اور خاندان کے استحکام کی علامت ہیں۔
ماہرہ خان نے علی عسکری سے 2007 میں ہونے والی اپنی پہلی شادی کو ایک قیمتی تجربہ قرار دیا اور کہا کہ اس رشتے سے ان کے بیٹے اذلان کی پیدائش ہوئی، جو ان کی زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اگرچہ یہ رشتہ برقرار نہ رہ سکا، لیکن انہیں اس کے خاتمے پر کوئی پچھتاوا نہیں کیونکہ زندگی کے ہر موڑ پر کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ کئی سال پہلے دوسری شادی کر سکتی تھیں، مگر اپنے بیٹے اذلان کی خوشی اور سکون کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا، "میں چاہتی تھی کہ اذلان خود میری دوسری شادی کے لیے ذہنی طور پر تیار ہو، اور جب وہ سمجھدار ہو گیا تو اس نے خود مجھے مشورہ دیا کہ اب آپ کو شادی کر لینی چاہیے۔”
ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں بزنس مین سلیم کریم سے دوسری شادی کی، جسے انہوں نے "بالغ نظر اور سمجھداری” کا فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ شادی سے پہلے کچھ خدشات ضرور تھے، مگر بیٹے اذلان کی مکمل حمایت نے انہیں اس نئے سفر کا حوصلہ دیا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور اپنی فنی صلاحیتوں کے علاوہ ذاتی زندگی کے معاملات میں بھی اپنی بصیرت اور وقار کی وجہ سے مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔
دوسری جانب ماہرہ خان نے اپنی گفتگو میں انکشاف کیا کہ انہیں فلم "کملی” میں کردار نہ کرنے کا پچھتاوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "شاید مجھے اس فلم کو ناں نہیں کہنا چاہیے تھا، تاہم صبا قمر نے اس فلم میں شاندار اداکاری کی اور وہ کردار بخوبی نبھایا۔”