پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اور بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار مصطفیٰ قریشی ایک حادثے کا شکار ہو گئے، جس میں ان کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل چھ ہفتے بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔
مصطفیٰ قریشی نے خود بتایا کہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وہ فجر کی نماز کے بعد گھر کے باہر واک کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک کھدی ہوئی تھی اور اس کی مرمت نہیں کی گئی تھی، جس کے باعث ان کا پاؤں ایک گڑھے میں پھنس گیا اور وہ زور سے گرے۔
حادثے میں ان کا سر بھی سڑک سے ٹکرایا، لیکن خوش قسمتی سے آنکھ بچ گئی۔ تاہم، ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی جس کے باعث وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔
حادثے کے بعد مصطفیٰ قریشی نے شہری انفراسٹرکچر کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا
"اللہ تعالیٰ ہمارے حکمرانوں کو عقل دے کہ وہ شہر کی سڑکیں بنا دیں۔”
انہوں نے کہا کہ ایسی حالت میں شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔
مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ انہیں آج سینیئر سیاستدان رضا ربانی کی کتاب کی تقریب میں شریک ہونا تھا، لیکن حادثے کے باعث وہ شرکت نہیں کر سکے۔
فلمی دنیا کے اس عظیم نام نے اپنے چاہنے والوں سے صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔ 700 سے زائد فلموں میں اپنے لازوال کرداروں سے شہرت حاصل کرنے والے مصطفیٰ قریشی کی یہ خبر سن کر شوبز حلقوں اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔