لاہور، پاکستان کی فنکار برادری نے خضدار میں سکول بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی وقار کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، انہوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے اس عمل کو نہایت افسوسناک اور قابل نفرت قرار دیا ہے۔
خضدار کے دل دہلا دینے والے واقعے میں دہشت گردوں نے سکول بس پر حملہ کیا، جس کے باعث 3 بچے شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، اس واقعے کی ذمہ داری بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں پر عائد کی گئی ہے۔
اداکارہ درفشاں سلیم نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں کہا کہ خضدار میں بچوں کے خلاف یہ ظالمانہ حملہ میرے دل کو چھلنی کر گیا ہے، وہی بے حسی کہ کوئی معصوم بچوں کو کیسے نشانہ بنا سکتا ہے، ہر روز کی خبریں پہلے سے بھی زیادہ دلگداز ہوتی جا رہی ہیں، یہ کوئی معمول کا واقعہ نہیں بلکہ ایک المناک حقیقت ہے جسے ہم برداشت نہیں کر سکتے۔
اداکار شہروز سبزواری نے بھی انسٹاگرام پر کہا کہ دشمن نے نہایت بزدلی سے معصوم بچوں کو ہدف بنایا ہے۔
اداکارہ ماورا حسین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر نئی خبر پچھلی سے زیادہ تکلیف دہ محسوس ہوتی ہے، بچوں پر حملہ انسانیت کی کھلی توہین ہے۔ آج دنیا میں انسانیت کہاں چلی گئی ہے؟
فنکاروں سمیت سمیع خان، کرن حق، عاصم محمود، فضا خاور اور ایمن خان نے بھی اس وحشیانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس دلخراش سانحے پر گہرے غم میں مبتلا ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ جلد از جلد مجرموں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے بزدلانہ واقعات کی روک تھام ہو سکے۔