کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش کی حالت مسخ شدہ ہے اور ابتدائی طور پر موت کو طبعی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہو گی۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق حمیرا اصغر گزشتہ سات سال سے مذکورہ فلیٹ میں اکیلی مقیم تھیں۔ انہوں نے یہ فلیٹ 2018 میں کرائے پر لیا تھا، تاہم 2024 سے وہ کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔ مکان مالک کی جانب سے کرایہ وصولی کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا، جس پر عدالت کے حکم پر بیلف آج فلیٹ پر پہنچا۔
دروازہ بند ہونے پر جب اسے توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش زمین پر پڑی ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فلیٹ کو سیل کر دیا گیا ہے اور شواہد جمع کر لیے گئے ہیں، جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق لاش کافی حد تک مسخ ہو چکی ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ موت کو کئی دن گزر چکے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے لیے ضروری نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔
پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کا عمارت میں کسی سے زیادہ میل جول نہیں تھا اور ان کے پاس ذاتی گاڑی بھی موجود نہیں تھی۔ ان کا رہن سہن کافی محدود اور گوشہ نشین نوعیت کا تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے جب کسی اداکارہ کی تنہا زندگی کے دوران پراسرار موت ہوئی ہے۔ گزشتہ ماہ گلشنِ اقبال بلاک 7 میں سینئر اداکارہ عائشہ خان کی سات دن پرانی لاش ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔