ممبئی، بالی وڈ کی معروف گلوکارہ کنیکا کپور نے بھارتی میوزک انڈسٹری کی تلخ حقیقت کو بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ گلوکاروں کو اکثر ان کا معاوضہ نہیں ملتا اور بعض اوقات صرف 101 روپے ادا کیے جاتے ہیں۔
’چٹیاں کلائیاں‘ اور ’بیبی ڈول‘ جیسے مقبول گانے گانے والی کنیکا کپور نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وائرل گانوں کے باوجود گلوکاروں کو یا تو انتہائی کم معاوضہ دیا جاتا ہے یا بالکل بھی ادائیگی نہیں کی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ بعض مواقع پر انہیں ایک گانے کے لیے محض 101 روپے ملے، جبکہ انڈسٹری میں یہ رویہ عام ہے۔ ’’گانا دینے کے بعد گلوکاروں سے ایسا سلوک کیا جاتا ہے جیسے ان پر کوئی احسان کیا گیا ہو‘‘، کنیکا کا کہنا تھا۔
ان کے مطابق یہ مسئلہ صرف نئے فنکاروں تک محدود نہیں بلکہ کئی بڑے اور مقبول گلوکار بھی معاوضے سے محروم رہتے ہیں۔
کنیکا کپور نے مزید کہا کہ بھارت میں نہ تو رائلٹی سسٹم موجود ہے اور نہ ہی پبلشنگ رائٹس، جن سے گلوکار مستقل آمدنی حاصل کر سکیں۔ ’’جب تک آپ کی آواز ہے اور آپ شوز کر سکتے ہیں، تب تک ہی کما سکتے ہیں‘‘، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔