کانٹا لگاگرل شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی شوبز انڈسٹری کی مشہور ماڈل اور اداکارہ شیفالی جریوالا 42 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کی اچانک موت نے مداحوں، شوبز شخصیات اور فلمی حلقوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

ممبئی پولیس کے مطابق، ان کی لاش ان کے گھر واقع اندھیری میں ملی، اور ابتدائی طور پر دل کا دورہ موت کی ممکنہ وجہ بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی حقائق سامنے آنے کے لیے پوسٹ مارٹم جاری ہے۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق، شیفالی کو ان کے شوہر پراگ تیاگی اور تین قریبی افراد فوری طور پر بیلیویو ملٹی اسپیشلٹی اسپتال لے گئے تھے، مگر اسپتال کے عملے کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی دم توڑ چکی تھیں۔ ان کے شوہر اس موقع پر میڈیا سے کوئی گفتگو کیے بغیر اسپتال سے روانہ ہو گئے، تاہم وہ فوٹوگرافرز کے کیمروں میں دیکھے گئے۔

صحافی وکی لالوانی نے سب سے پہلے سوشل میڈیا پر اداکارہ کے انتقال کی خبر دی، جس کے بعد یہ خبر تیزی سے پھیل گئی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ شیفالی جریوالا اب اس دنیا میں نہیں رہیں، اور اسپتال کے عملے نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

شیفالی جریوالا نے 2002 میں ری مکس گانے "کانٹا لگا” میں اپنی دلکش پرفارمنس سے شہرت حاصل کی تھی، اور تب سے وہ ’کانٹا لگا گرل‘ کے نام سے جانی جاتی تھیں۔ اگرچہ وہ دراصل کمپیوٹر انجینیئر بننا چاہتی تھیں، مگر قسمت انہیں شوبز کی دنیا میں لے آئی، جہاں انہوں نے کئی میوزک ویڈیوز اور فلموں میں بھی کام کیا۔ 2020 میں انہوں نے بگ باس جیسے مقبول ریئلٹی شو میں بھی حصہ لیا، جہاں ان کی شخصیت اور انداز کو خوب سراہا گیا۔

ان کی اچانک موت پر جہاں ان کے مداح افسردہ ہیں، وہیں شوبز انڈسٹری میں بھی گہرے رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ممبئی پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا عندیہ دیا ہے، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter