خون کے رشتے ہمیشہ سہارا نہیں بنتے، جاوید شیخ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ خون کے رشتے بعض اوقات انسان کے لیے باعثِ رسوائی بھی بن جاتے ہیں، جبکہ کئی مواقع پر دوستیاں اور روحانی رشتے خونی تعلقات سے زیادہ مضبوط اور وفادار ثابت ہوتے ہیں۔

latest urdu news

نجی ٹی وی کے ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے اپنی ذاتی زندگی اور خاندانی تجربات کی روشنی میں مشترکہ خاندانی نظام پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی میں گل پلازہ کے قریب ایک چھوٹے سے دو کمروں کے مکان میں اپنے آٹھ بہن بھائیوں کے ساتھ رہتے تھے اور اس کے باوجود محبت اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزاری۔

جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ جوائنٹ فیملی سسٹم کی بھی دو قسمیں ہوتی ہیں۔ ایک وہ جہاں بڑا گھر ہو، جگہ کی کشادگی ہو اور خاندان کے افراد ایک دوسرے کی پرائیویسی کا خیال رکھ سکیں، وہاں گزارا ممکن ہو جاتا ہے۔ دوسری صورت میں اگر گھر چھوٹا ہو اور تمام افراد ایک دوسرے پر بوجھ بن جائیں تو وہاں رہنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں خون کے رشتوں کا رویہ بدلتا جا رہا ہے اور ہم سب اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ کئی بچے والدین سے جائیدادیں لینے کے بعد انہیں تنہا چھوڑ دیتے ہیں۔ ایسے میں اکثر والدین کی دیکھ بھال ان کے دوست یا قریبی ساتھی کرتے ہیں، جو بعض اوقات انہیں اپنے گھروں تک میں جگہ دیتے ہیں۔

جاوید شیخ کے مطابق دوستی اور روح کے رشتے وہ ہوتے ہیں جو مشکل وقت میں انسان کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، بغیر کسی لالچ یا مفاد کے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیے رشتوں کی اصل قدر خون سے نہیں بلکہ خلوص، احساس اور وفاداری سے پہچانی جانی چاہیے۔

اداکار کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں کئی صارفین نے ان کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے خاندانی نظام میں بگاڑ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter