جیسمین منظور کا سابق شوہر پر گھریلو تشدد کا الزام، زخمی حالت کی تصاویر شیئر کر کے انصاف کی فریاد
اسلام آباد: معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی جیسمین منظور نے اپنے سابق شوہر پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی زخمی حالت کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر کی گئی پوسٹس میں انہوں نے آنکھ پر سوجن کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا: “یہ میں ہوں، میری زندگی ایک پُرتشدد انسان نے تباہ کی۔ میں اپنا انصاف اللہ پر چھوڑتی ہوں۔”
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں لکھا: “یہ ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے ایک مجرم کی حمایت کی۔ یہ میرے سابق شوہر کا دیا ہوا تحفہ ہے۔”
اپنے تیسرے پیغام میں جیسمین نے جذباتی انداز اپناتے ہوئے کہا: “یہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔ گھر چاہے جتنا بھی محفوظ ہو، سب سے خطرناک وہ لوگ ہوتے ہیں جن پر ہم آنکھ بند کر کے بھروسہ کرتے ہیں۔”
تاحال ان کی جانب سے واقعے کی مکمل تفصیلات یا کسی ممکنہ قانونی کارروائی کے بارے میں باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ان کے انکشافات نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل پیدا کر دیا ہے، اور گھریلو تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے والوں نے ان سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
یاد رہے کہ جیسمین منظور پاکستان کے معتبر صحافتی حلقوں میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں، اور ان کی طرف سے سامنے آنے والے اس سنگین الزام نے گھریلو تشدد کے حساس مسئلے کو ایک بار پھر عوامی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔