اداکار اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ حامی حمزہ علی عباسی پہلی بار ان کی سیاسی حکمتِ عملی پر کھل کر تنقید کے ساتھ سامنے آ گئے۔
اینکر پرسن منصور علی خان کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا کہ وہ عمران خان کو وزیراعظم بنوانے کے لیے متحرک ہوئے تھے کیونکہ ان کا ماننا تھا کہ وہ پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں، تاہم کچھ اقدامات وقت کے ساتھ درست ثابت نہیں ہوئے۔
حمزہ علی عباسی نے کہا کہ عمران خان کی مسلم لیگ (ن) کے خلاف مسلسل محاذ آرائی غلط تھی، سیاست میں حق اور باطل کے معرکے نہیں ہوتے، یہ کوئی مذہبی جنگ نہیں بلکہ معاملات کو مفاہمت سے سلجھانے کا عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ 2014 کا دھرنا درست تھا، نہ ہی 9 مئی جیسے واقعات، اور نہ ہی ملک میں اس طرح کے لانگ مارچ ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان میں کئی خوبیاں ہیں، ان کے دل میں اخلاص ہے اور وہ ایک سچے انسان ہیں، تاہم یہ ضروری نہیں کہ نیک نیتی رکھنے والا ہر شخص اچھا حکمران بھی ہو۔ حمزہ کے مطابق عمران خان وہ واحد سیاستدان ہیں جو بغیر مشاورت کوئی بڑا فیصلہ لمحوں میں لے لیتے ہیں، مگر یہی اندازِ حکمرانی بعض اوقات نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔
یوٹیوب پر عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں چلنے والی مہم پر بات کرتے ہوئے حمزہ نے تنقید کی اور کہا کہ کئی یوٹیوبرز پیسوں کی خاطر حقائق سے ہٹ کر باتیں پھیلا رہے ہیں، جو سیاسی شعور کے لیے نقصان دہ ہے۔
حمزہ علی عباسی کا یہ بیان عمران خان کے ان حامیوں کے لیے ایک غیر متوقع مگر اہم اشارہ ہے جو سیاست میں جذباتیت اور انتہاپسندی کے عنصر کو بڑھاوا دیتے رہے ہیں۔