کراچی، معروف پاکستانی اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید بیرونِ ملک فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئے۔ یہ انکشاف مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں کیا۔
ندا یاسر کے حالیہ مارننگ شو میں اداکارائیں نتاشا علی، رباب مسعود، حرا عمر اور ثنا عسکری شریک تھیں۔ گفتگو کے دوران ندا نے فنکاروں کے ساتھ پیش آنے والے بیرونی ملک کے حادثات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہمایوں سعید تھائی لینڈ یا کسی دوسرے ملک میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، جہاں جیٹ سکینگ کے دوران وہ اچانک پھسل گئے، جس سے ان کا جبڑا فریکچر ہوگیا۔
ندا نے مزید بتایا کہ ہمایوں سعید کو یہ چوٹ اس وقت لگی جب وہ بیرونِ ملک تھے، اور انہوں نے علاج کے لیے پاکستان واپس آنے تک تکلیف برداشت کی۔ ندا کے مطابق انہیں اس حادثے کی تفصیل اس لیے معلوم ہوئی کیونکہ ہمایوں سعید علاج کے لیے ان کے دیور، ڈاکٹر فراز نواز سے رجوع کرتے ہیں، جو اس وقت پاکستان میں موجود نہیں تھے۔
یاد رہے کہ ہمایوں سعید پاکستان کے صفِ اول کے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور کئی سپر ہٹ ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کے زخمی ہونے کی خبر نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، تاہم تاحال اداکار کی طرف سے کسی باضابطہ بیان کا انتظار ہے۔