اداکارہ حمیرا اصغر کے لواحقین نے میت لینے کا فیصلہ کر لیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈیفنس کراچی سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی میت لواحقین نے لینے کی رضامندی ظاہر کر دی، بہنوئی حکام سے رابطے میں ہیں۔

کراچی، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں برآمد ہونے والی معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کی میت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق، مرحومہ کے لواحقین نے میت لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اداکارہ کے بہنوئی نے حکام سے رابطہ کر کے اطلاع دی ہے کہ وہ میت وصول کرنے کے لیے کراچی آ رہے ہیں۔

latest urdu news

اداکارہ کے بہنوئی کے مطابق، متوفیہ کے والد اپنی بیٹی کی موت کی خبر سن کر شدید صدمے اور ڈپریشن میں چلے گئے تھے، جس کے باعث ابتدائی طور پر انہوں نے میت لینے سے انکار کیا تھا۔ اس انکار کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ حمیرا اصغر کے والدین سے ان کے تعلقات کشیدہ تھے۔ تاہم اب خاندان نے فیصلہ بدل لیا ہے اور جلد میت کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاہور منتقل کر کے تدفین کی جائے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جب اداکارہ کی لاش فلیٹ سے ملی تو وہ ناقابلِ شناخت اور بری طرح ڈی کمپوز ہو چکی تھی، اس لیے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سیمپل لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ باضابطہ شناخت ممکن بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی، اتحاد کمرشل، فیز VI میں واقع ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ملی تھی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا کے مطابق، اداکارہ فلیٹ میں اکیلی رہتی تھیں اور ان کی موت کے اسباب کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

یاد رہے کہ حمیرا اصغر پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ تھیں، جنہوں نے مختلف ٹی وی کمرشلز، ڈراموں اور فیشن شوز میں کام کیا۔ ان کی زندگی کے آخری سالوں میں وہ منظر عام سے دور تھیں اور تنہائی کی زندگی گزار رہی تھیں۔ ان کی پراسرار موت نے شوبز حلقوں اور مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter