دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم ’’سردار جی 3‘‘ نے صرف ایک ہفتے میں 33.6 کروڑ کا بزنس کر کے عالمی سطح پر کامیابی سمیٹ لی، بھارت میں پابندی کے باوجود مقبولیت میں اضافہ
لاہور: پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی پنجابی سینما کے سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’’سردار جی 3‘‘ نے عالمی باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے، اور صرف ایک ہفتے میں 33.6 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کر چکی ہے۔ فلم کو امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، اور اب یہ فلم 50 کروڑ روپے کے ہدف کے قریب پہنچ چکی ہے۔
دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ، جزمین باجوہ اور ہانیہ عامر پر مشتمل اس فلمی کاسٹ نے اپنی شاندار اداکاری سے فلم کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ فلم کو 27 جون 2025 کو دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا، تاہم بھارت میں اس کی نمائش ممکن نہ ہو سکی۔ بھارتی حکومت نے پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور فلم میں پاکستانی اداکارہ کی موجودگی کو جواز بناتے ہوئے فلم پر پابندی عائد کر دی۔
اس کے باوجود فلم کی کامیابی کا سلسلہ رُکا نہیں، بلکہ بیرونِ ملک ناظرین کی جانب سے زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا۔ خاص طور پر شمالی امریکا میں فلم نے غیر معمولی بزنس کیا ہے۔ پاکستان میں بھی فلم کی نمائش بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں شائقین کی بڑی تعداد سینما گھروں کا رُخ کر رہی ہے۔
’’سردار جی 3‘‘ کو امر ہندل نے ڈائریکٹ کیا ہے، جبکہ اس کی کہانی دھیرج رتن اور منیلا رتن نے تحریر کی ہے۔ فلم کا بجٹ 35 کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے، اور اب تک کی کمائی نے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھا دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر فلم بھارت میں بھی ریلیز ہو جاتی تو یہ 100 کروڑ روپے کا سنگِ میل عبور کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی تھی۔
یاد رہے کہ ’’سردار جی 3‘‘ صرف ایک فلم نہیں بلکہ فن، کہانی اور سرحد پار جذبات کے امتزاج کا مظہر ہے، جس نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ باصلاحیت فنکاروں اور مضبوط اسکرپٹ کے ہوتے ہوئے سیاسی سرحدیں فن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔