پاکستان کی مقبول اور باصلاحیت اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئی ہیں، تاہم اس بار موضوع ان کی اداکاری نہیں بلکہ ان کی خوبصورتی، خاص طور پر گالوں پر موجود نمایاں ڈمپلز بنے۔ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ ہانیہ عامر نے ڈمپلز کو نمایاں کرنے کے لیے کاسمیٹک یا ڈمپل سرجری کروائی ہے، جس کے بعد صارفین کے درمیان خاصی چہ مگوئیاں دیکھنے میں آئیں۔
ان افواہوں کے پھیلنے کے بعد ہانیہ عامر کی قریبی رشتہ دار اور کزن نورین شاد نے اس معاملے پر کھل کر وضاحت پیش کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان تمام خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہانیہ عامر کے ڈمپلز اور رنگت قدرتی ہیں اور ان کا کسی قسم کی سرجری یا کاسمیٹک پراسیجر سے کوئی تعلق نہیں۔
نورین شاد کے مطابق ہانیہ عامر کے چہرے کے یہ خدوخال بچپن سے ہی ان کی پہچان رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شک کرنا چاہے تو ہانیہ کی اسکول اور کالج کے زمانے کی پرانی تصاویر دیکھ سکتا ہے، جہاں ان کے ڈمپلز واضح طور پر نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ شخصیت میں نکھار آنا ایک فطری عمل ہے، جسے سرجری سے جوڑنا درست نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہانیہ عامر نے 18 سال کی عمر میں فلم “جانان” کے ذریعے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ گزشتہ تقریباً ایک دہائی کے دوران ان کی شخصیت میں اعتماد، پختگی اور پروفیشنلزم آیا ہے، جو ان کی مجموعی خوبصورتی کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
شادی سے پہلے طلاق کی پیشگوئی پر ہانیہ عامر کا طنزیہ ردعمل
نورین شاد نے یہ بھی کہا کہ ہانیہ عامر کی ذاتی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی دیگر قیاس آرائیاں بھی حقیقت پر مبنی نہیں ہوتیں اور بغیر تصدیق ایسی باتوں کو پھیلانا کسی بھی فنکار کے لیے تکلیف دہ ہو سکتا ہے۔
اس وضاحت کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کئی مداحوں نے نورین شاد کے بیان کو سراہتے ہوئے ہانیہ عامر کی قدرتی خوبصورتی کا دفاع کیا، جبکہ کچھ صارفین نے حسبِ روایت شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر انسٹاگرام پر تقریباً 19.5 ملین فالوورز رکھتی ہیں اور ان کا حالیہ ڈرامہ “میری زندگی ہے تو” میں کردار آیرہ ناظرین میں بے حد مقبول ہو رہا ہے، جس سے ان کی شہرت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
