اداکارہ غنیٰ علی نے حالیہ انٹرویو میں اپنے شوبز چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان کا نہیں بلکہ رمضان المبارک کے دوران اعتکاف کے وقت ان کے بھائی نے ازخود ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی تھی، جس سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ اگرچہ ان کے شوہر اور خاندان کے کچھ افراد ان کے شوبز میں کام کرنے کے حق میں نہیں ہیں، لیکن وہ ان کی دلچسپی اور جذبے کو سمجھتے ہوئے انہیں اداکاری کی اجازت دے رہے ہیں۔
غنیٰ علی کا کہنا تھا کہ اداکاری ان کا ایک پرانا شوق ہے اور وہ دل سے اس فن سے جڑی ہوئی ہیں، اس لیے فی الحال شوبز کو خیرباد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
گفتگو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے کام میں حدود اور اقدار کا خاص خیال رکھتی ہیںاور شادی شدہ ہونے کے ناتے وہ صرف ایسے کرداروں کو قبول کرتی ہیں جو ان کی عزت نفس، گھریلو اقدار اور معاشرتی اصولوں کے مطابق ہوں۔
فلموں میں کام کرنے سے متعلق سوال پر غنیٰ علی نے کہا کہ اگر کسی فلم میں انہیں کوئی معیاری اور باوقار کردار کی پیشکش ہوئی تو وہ ضرور غور کریں گی، لیکن ہر پیشکش کو بغیر سوچے سمجھے قبول کرنا ان کے اصولوں کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کے ہر فیصلے میں توازن اور ذمہ داری کو ترجیح دیتی ہیں۔
حال ہی میں شوبز کی ایک اور معروف شخصیت اداکارہ میرا کی وائرل ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر خاصی تشویش پیدا کی، جس پر صارفین نے ملا جلا ردعمل ظاہر کیا۔