ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم مبارک کے خلاف جوا ایپ کی پروموشن سے متعلق کیس میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی ہے۔ سیشن کورٹ لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران رجب بٹ اور ندیم مبارک کو سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے باعث کمرۂ عدالت اور اطراف میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
دورانِ سماعت این سی سی آئی اے کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر اس وقت ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، اس لیے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ پیش کر دیا جائے گا۔
عدالت نے این سی سی آئی اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواستوں کو انتظار میں رکھ لیا۔ تاہم، عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری مکمل کرتے ہوئے انہیں کمرۂ عدالت سے واپس جانے کی اجازت دے دی۔
رجب بٹ نے اپنی ذاتی زندگی اور سوشل میڈیا آمدنی پر بات کی
واضح رہے کہ رجب بٹ اور ندیم مبارک کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے آن لائن جوا ایپ کی پروموشن کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کی تفتیش جاری ہے۔
