لاہور سے کراچی جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ طیارے میں موجود سینئر اداکار قیصر نظامانی نے انسٹاگرام پر اپنی ٹکٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس واقعے کی تصدیق کی۔
اداکار کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں انکشاف کیا گیا کہ 19 جولائی بروز ہفتہ، طیارے نے جیسے ہی ٹیک آف کرنا چاہا، پائلٹ نے اچانک ایمرجنسی بریک لگا دی۔ قیصر نظامانی کے مطابق، یہ فیصلہ چند سیکنڈز کی مہارت اور حاضر دماغی کا نتیجہ تھا، جس نے سیکڑوں مسافروں کی جان بچا لی۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں حکام نے وضاحت کی کہ رن وے پر ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا تھا، جس کے سبب پائلٹ کو فوری طور پر بریک لگانا پڑی۔ اداکار نے کہا کہ اگر پائلٹ تاخیر کرتا تو طیارہ کسی بڑے سانحے کا شکار ہو سکتا تھا۔
قیصر نظامانی نے ویڈیو پیغام میں ایئرپورٹ کے اردگرد رہنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پرندوں کو گوشت یا دانہ ڈالنے سے گریز کریں، کیونکہ یہ عمل ہوائی جہازوں اور انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا: "جو لوگ ایسا کرتے ہیں، وہ نادانستہ طور پر انسانوں کی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔” انہوں نے پائلٹ کی بروقت کارروائی پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑا حادثہ اللہ کے کرم سے ٹل گیا۔
آخر میں قیصر نظامانی نے ہوائی اڈے کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ صبح 8 بجے سے لاہور ایئرپورٹ پر موجود ہیں، اور اب شام 6 بج چکے ہیں، مگر ابھی تک انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کب کراچی روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا: "اتنا انتظار تو کسی انٹرنیشنل ٹرمینل پر بھی نہیں ہوتا۔”
یہ واقعہ نہ صرف ہوائی سفر کے دوران احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، بلکہ ایوی ایشن حکام کے لیے بھی ایک سنجیدہ وارننگ ہے کہ وہ ایئرپورٹس کے اردگرد کے ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔