پاکستانی اداکار فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب نے اپنی طلاق سے متعلق گردش کرتی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک مبینہ انسٹاگرام اسٹوری کے اسکرین شاٹ وائرل ہوئے تھے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈاکٹر زینب نے فیروز خان سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تاہم ڈاکٹر زینب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے منسوب یہ خبریں مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک وضاحتی پیغام میں کہا کہ:
"میں نے ایسی کوئی اسٹوری پوسٹ نہیں کی۔ یہ نہ تو میرے فالورز نے دیکھی اور نہ ہی میرے اکاؤنٹ پر موجود ہے، مگر حیرت انگیز طور پر سوشل میڈیا پیجز کو یہ اسٹوری ’نظر آ گئی‘۔”
ڈاکٹر زینب نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ جھوٹ پھیلانے والے سوشل میڈیا پیجز پر یقین نہ کریں اور ایسے اکاؤنٹس کو رپورٹ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی بے بنیاد افواہیں لوگوں کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بنتی ہیں۔
واضح رہے کہ جون 2024 میں فیروز خان نے ڈاکٹر زینب سے دوسری شادی کی تھی۔ ان کی پہلی شادی 2018 میں علیزے سلطان سے ہوئی تھی جو 2022 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ علیزے نے اس وقت فیروز خان پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔
