معروف اداکارہ حمیمہ ملک کی بہن، سابق گلوکارہ و میزبان دعا ملک نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں ایک طاقتور شخصیت کی جانب سے انہیں ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، جس کا اثر ان کے کیریئر پر بھی پڑا۔ تاہم، انہوں نے اس شخص کا نام لینے سے گریز کیا۔
دعا ملک کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے شوبز انڈسٹری کا حصہ بنیں، خصوصاً اس ماحول کی وجہ سے جو آج کل وہاں رائج ہے۔ ان کے مطابق ان کی بیٹی کو سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے کا شوق ہے، لیکن وہ اسے اس بارے میں روکتی ہیں اور سمجھاتی ہیں۔
پوڈکاسٹ میں میزبان نے ان سے براہِ راست کاسٹنگ کاؤچ کے تجربے کے بارے میں پوچھا، جس پر دعا ملک نے واضح کیا کہ ان کے ساتھ ایسی کوئی صورتِ حال پیش نہیں آئی، البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ بہت سی لڑکیاں ان دنوں ایسے واقعات کا سامنا کرتی ہیں۔
دعا نے بتایا کہ وہ اور ان کی بہن حمیمہ ملک ایسے کسی بھی رویے پر سخت ردِعمل دیتی ہیں، کیونکہ ان میں "ایک مرد جیسا حوصلہ” موجود ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایک مرتبہ انڈسٹری کے ایک بااثر فرد کی طرف سے انہیں ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، جس کا خمیازہ ان کے پیشہ ورانہ سفر کو بھگتنا پڑا۔
اس شخص کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے دعا ملک نے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم ہیں، لیکن ان کی فیملی پاکستان میں ہے، اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے کسی بیان سے ان کے گھر والوں کو خطرہ ہو۔ انہوں نے اپنا مقدمہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔