معروف اداکار نبیل ظفر نے سندھ حکومت کے نئے ای چالان سسٹم پر دلچسپ طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کو جرمانہ نہیں بلکہ انعام ملنا چاہیے۔
اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اگر کوئی شخص کراچی کی تباہ حال سڑکوں، گڑھوں، بے ہنگم ٹریفک اور لاپرواہ ڈرائیوروں کے باوجود اپنی گاڑی کو محفوظ طریقے سے منزل تک پہنچانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ اصل میں ایک کارنامہ انجام دیتا ہے۔ ان کے مطابق، ایسے لوگوں کو جرمانے کے بجائے داد و تحسین دینی چاہیے۔
نبیل ظفر نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری روزانہ ٹریفک جام، ناکارہ سگنلز اور خستہ سڑکوں کے باوجود صبر و برداشت کے ساتھ سفر کرتے ہیں، جو ان کے حوصلے اور تحمل کی عکاسی کرتا ہے۔
طلاق سے متعلق افواہوں پر فیروز خان کی اہلیہ کا اہم بیان سامنے آگیا
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے حال ہی میں شہر کی مختلف شاہراہوں پر ای چالان سسٹم متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ہزاروں گاڑی مالکان کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار چالان موصول ہو رہے ہیں۔ شہریوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس سسٹم پر تنقید کرتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ حکومت پہلے سڑکوں کی حالت بہتر بنائے، پھر چالان کے نظام کو فعال کرے۔
