پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے واضح کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے یا سپر اسٹار بننے کی کوئی خواہش نہیں، ہانیہ عامر کے ساتھ فلم پر بھارت میں پروپیگنڈا جاری ہے۔
ممبئی، بھارتی پنجابی گلوکار اور معروف اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے یا فلمی سپر اسٹار بننے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر دلجیت دوسانجھ کے انٹرویو کا ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ واضح طور پر کہتے ہیں کہ وہ صرف گلوکار ہیں، اور گلوکاری ان کی اصل پہچان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں جہاں لوگ خود گیت لکھتے، بناتے اور گاتے ہیں، انہیں کسی بڑے فلمی بینر یا اداکار کے سائے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
دلجیت نے مزید کہا کہ اگر بالی ووڈ انہیں کام نہ بھی دے تو وہ اپنی گائیکی سے جڑے رہیں گے اور موسیقی کا سفر جاری رکھیں گے، کیونکہ انہیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دلجیت دوسانجھ اپنی نئی فلم "سردار جی 3” میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کے باعث بھارتی سوشل میڈیا پر تنقید کا شکار ہیں۔ اگرچہ یہ انٹرویو پرانا ہے، لیکن موجودہ حالات میں اسے تنقید کا جواب بھی سمجھا جا رہا ہے۔
View this post on Instagram
پاکستانی شائقین دلجیت اور ہانیہ کی جوڑی کو پسند کر رہے ہیں، جبکہ بھارتی میڈیا اور کچھ حلقے اس تعاون کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ دلجیت دوسانجھ نے اس سے قبل بھی کئی بار بالی ووڈ میں اقلیتوں اور پنجابی فنکاروں کے ساتھ امتیازی سلوک پر آواز اٹھائی ہے، جبکہ ان کی خودمختار موسیقی اور پرفارمنس نے انہیں جنوبی ایشیا کے نوجوانوں میں بے حد مقبول بنا دیا ہے۔