ہالی ووڈ کی 62 سالہ اداکارہ ڈییمی مور کو 2025 کی دنیا کی خوبصورت ترین شخصیت قرار دے دیا گیا۔
ہالی ووڈ کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ ڈییمی مور کو عالمی شہرت یافتہ جریدے "پیپل میگزین” نے 2025 کی خوبصورت ترین شخصیت قرار دیا ہے۔ 62 سالہ ڈییمی مور نہ صرف اپنے فنی کیریئر کے عروج پر ہیں بلکہ اب خوبصورتی کے حوالے سے بھی نئی مثال قائم کر چکی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پیپل میگزین کا یہ سالانہ اعزاز ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جو نہ صرف اپنی ظاہری شخصیت بلکہ اندرونی خوبصورتی اور مثبت طرزِ فکر کے باعث نمایاں ہوتے ہیں۔ ڈییمی مور کی یہ شناخت اس بات کا ثبوت ہے کہ خوبصورتی کسی مخصوص عمر کی محتاج نہیں۔
پیپل میگزین کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں ڈییمی مور نے عمر، خود اعتمادی، اور خوبصورتی کے بدلتے تصورات پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں اپنی عمر کے ساتھ اپنی شخصیت کو زیادہ سراہنے لگی ہوں۔ اب خوبصورتی کا مفہوم صرف ظاہری خدوخال تک محدود نہیں رہا، بلکہ صحت، ذہنی سکون اور خود کو اپنانے کی صلاحیت اس کا اصل حسن ہے۔”
مور نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ماضی میں خوبصورتی کا معیار محض جسمانی ساخت تک محدود تھا، مگر آج کے دور میں خود شناسی، فٹنس اور ذہنی استحکام کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ڈییمی مور کو 2025 میں ریلیز ہونے والی فلم The Substance میں اپنی غیرمعمولی اداکاری پر بھرپور سراہا گیا۔ اس کردار پر انہیں SAG ایوارڈ، گولڈن گلوبز اور کریٹکس چوائس سمیت کئی بین الاقوامی اعزازات حاصل ہوئے، جبکہ وہ آسکر ایوارڈ کی نامزدگی بھی حاصل کر چکی ہیں۔
ڈییمی مور کا یہ اعزاز نہ صرف ان کی فنی خدمات کا اعتراف ہے، بلکہ ایک ایسی مثبت علامت بھی ہے جو عمر، خوبصورتی اور خود اعتمادی کے تصور کو ازسرِنو متعارف کروا رہی ہے۔