بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ تمنا بھاٹیہ نے ایک غیر روایتی اور حیران کن بیوٹی ٹپ دے کر مداحوں کو چونکا دیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ چہرے پر نکلنے والے دانوں، یعنی ایکنی، کے علاج کے لیے صبح سویرے اپنا ہی تھوک استعمال کرتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں تمنا بھاٹیہ سے جب اسکن بریک آؤٹ سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بے ساختہ جواب دیا: "تھوک، تھوک لگائیں!” ان کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت منہ میں موجود تھوک میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو جلد پر لگانے سے کیل مہاسے خشک ہو جاتے ہیں۔
اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، "اگرچہ میں ڈاکٹر نہیں ہوں، لیکن یہ میرا ذاتی تجربہ ہے، اور مجھے یقین ہے کہ اس کے پیچھے سائنسی بنیاد ضرور ہے۔” ان کے مطابق، انسانی جسم رات بھر میں ایسے اینٹی بیکٹیریل عناصر پیدا کرتا ہے جو صبح کے وقت منہ، آنکھوں اور ناک میں موجود ہوتے ہیں، اور یہی عناصر بیکٹیریا سے لڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
تمنا کا کہنا تھا کہ اگر صبح سویرے برش کرنے سے پہلے کا تھوک متاثرہ حصے پر لگایا جائے تو یہ پمپلز کو خشک کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول، "یہ قدرتی مدافعتی نظام کا ایک حصہ ہے جو جلد کو اندرونی طور پر صاف کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔”
اگرچہ یہ دعویٰ سائنسی حلقوں میں مکمل طور پر عام نہیں، لیکن بعض تحقیقی رپورٹس کے مطابق انسانی لعاب میں کچھ جراثیم کش مرکبات پائے جاتے ہیں جو بیکٹیریا کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔