ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز بین اسٹلر نے وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایران پر حملوں سے متعلق ایک ویڈیو میں اپنی فلم کا کلپ استعمال کرنے پر شدید ردعمل دیا ہے اور اسے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 42 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس کا عنوان “Justice the American Way” رکھا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں حقیقی فوجی کارروائیوں کی فوٹیج کے ساتھ ہالی ووڈ فلموں اور ویڈیو گیمز کے مناظر بھی شامل کیے گئے تھے۔
ویڈیو میں آئرن مین، ٹاپ گن، بریو ہارٹ، گلیڈی ایٹر، بریکنگ بیڈ اور جان وِک جیسے مشہور فلمی اور ٹی وی مناظر دکھائے گئے، جبکہ امریکی فوجی حملوں کی اصل ویڈیوز بھی اس کے ساتھ شامل کی گئیں۔
اسی ویڈیو میں 2008 کی طنزیہ فلم “ٹراپک تھنڈر” کا ایک کلپ بھی شامل تھا جس پر بین اسٹلر نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس کی اجازت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی پروپیگنڈا مہم کا حصہ بننا نہیں چاہتے اور “جنگ کوئی فلم نہیں ہوتی۔”
Hey White House, please remove the Tropic Thunder clip. We never gave you permission and have no interest in being a part of your propaganda machine. War is not a movie. https://t.co/dMQqRxxVCa
— Ben Stiller (@BenStiller) March 6, 2026
رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی بریفنگ کا مختصر حصہ بھی شامل تھا جبکہ ایک منظر میں فلم ٹرانسفارمرز کا سی جی آئی کردار بھی دکھایا گیا۔ اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کی ایک اور پوسٹ میں ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو (GTA) کے ایک مشہور مگر متنازع ڈائیلاگ کے ساتھ ایران پر حملوں کی فوٹیج بھی شیئر کی گئی۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد فلمی حلقوں اور صارفین کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔
