پاکستان کے معروف اداکار بہروز سبزواری کا حالیہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جس میں انہوں نے دوسری شادی کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر پہلی بیوی موجود ہو، چاہے وہ اچھی ہو یا بری، ایسے میں دوسری شادی کرنا ایک مرد کے لیے امتحان بن جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پہلی بیوی اچھی ہو تو دوسری شادی کی ضرورت ہی پیش نہیں آتی۔
نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے بہروز سبزواری نے اپنی فٹنس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی 21 سال کی عمر میں ہوئی تھی اور اب وہ 42 سال کے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ ان کے پوتے، پوتیاں اور نواسے نواسیاں بھی ہیں، اور کم عمری میں شادی کرنے کے فوائد میں سے ایک یہ بھی ہے کہ انسان طویل عرصے تک خود کو فٹ رکھ سکتا ہے۔
دوسری شادی کے حوالے سے ایک مداح کے سوال پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ شادیوں کی تعداد سے مرد کی معاشرتی حیثیت بڑھتی ہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دو شادیوں کے درمیان توازن رکھنا آسان نہیں ہوتا اور یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر ہی کرنا چاہیے۔
بشریٰ انصاری نے جعلی چندہ اکاؤنٹس سے خبردار کیا، مداحوں سے رپورٹ کرنے کی اپیل
انٹرویو کے دوران بہروز سبزواری سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ان کی فیملی میں بہترین اداکار کون ہے۔ اس پر انہوں نے کہا کہ جاوید شیخ تو اپنی جگہ بے مثال ہیں، لیکن ان کی نظر میں سب سے بہترین اداکار ان کے بیٹے شہروز سبزواری ہیں، جو اپنے ہر کردار کے لیے سخت محنت کرتے ہیں اور پورا انصاف کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اداکاراؤں میں اگرچہ سب ہی باصلاحیت ہیں، مگر ان کے نزدیک سب سے بہترین اداکارہ ان کی اپنی اہلیہ ہیں۔
اس انٹرویو کے چند ہی گھنٹوں بعد بہروز سبزواری کے بیانات سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے، اور صارفین نے دوسری شادی کے حوالے سے ان کی واضح رائے کو خاص دلچسپی کے ساتھ شیئر کیا۔
